Book AppointmentContact Us:admin@kildaremedical.com.auWe Are A Bulk Billing Practice

کئی زبانوں میں مریضوں کے لیے معلومات کی لائبریری


Kildare Road Medical Centre building front in Blacktown with clinic signage
GP appointment for bulk billed mental health care plan in Blacktown
Doctors in Blacktown providing general practice and bulk billing services at Kildare Road Medical Centre
General practitioner working on computer with DPA and FSP support in Australia

 Kildare Road Medical Centre میں خوش آمدید

Kildare Road Medical Centre، جسے KRMC بھی کہا جاتا ہے، 36 Kildare Road, Blacktown پر واقع ایک جنرل پریکٹس اور صحت کی دیکھ بھال کا سنٹر ہے۔ یہ سنٹر 2010 سے بلیک ٹاؤن کمیونٹی کی خدمت کر رہا ہے۔ خودمختار جنرل پریکٹیشنرز اس سنٹر میں طبی مشورہ فراہم کرتے ہیں اور KRMC کی نرسیں، ریسیپشن کا عملہ اور انتظامی عملہ انکی مدد کرتا ہے۔ سپیشلسٹس اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز بھی اس سنٹر میں خدمات فراہم کرتے ہیں۔

مریض روزمرہ مسائلِ صحت، روک تھام کی غرض سے نگہداشت، جاری امراض، صحت کے معائنوں، ویکسینیشنز، ریفرلز اور بعض پروسیجرز کے لیے یہاں آ سکتے ہیں۔ بچوں، بالغوں اور بوڑھوں کی نگہداشت کا انتظام ہے۔ بہت سے کنسلٹنگ ڈاکٹرز انگلش کے علاوہ دوسری زبانیں بھی بولتے ہیں۔ ریسیپشن کا عملہ مریضوں کو ان کی ترجیحی زبان بولنے والا ڈاکٹر تلاش کرنے میں مدد دے سکتا ہے بشرطیکہ وہ ڈاکٹر دستیاب ہو۔

KRMC کا مقصد صحت کی خدمات کو سمجھنے اور استعمال کرنے میں آسانی دلانا ہے۔ مریضوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ سوالات پوچھیں اور ڈاکٹر کو اپنے کلچر، مذہب، خاندان اور کمیونیکیشن کے حوالے سے اپنی وہ ضروریات بتائیں جن سے ان کی دیکھ بھال پر اثر پڑ سکتا ہے۔



 پتہ، پہنچنے کے لیے رہنمائی اور کھلنے کے اوقات

KRMC کا پتہ یہ ہے: 36 Kildare Road, Blacktown NSW 2148یہ بلیک ٹاؤن ٹرین سٹیشن اور Westpoint شاپنگ سنٹر کے بالکل قریب پیدل فاصلے پر ہے۔ سنٹر کی اپنی پارکنگ ہے جس میں معذور افراد کے لیے پارکنگ بھی ہے۔ قریب ہی مزید پارکنگ بھی مہیا ہے، اور Westpoint اپنی شرائط کے تحت محدود مفت پارکنگ فراہم کرتا ہے۔

جنرل پریکٹس کے کھلنے کے اوقات پیر تا جمعہ صبح 8:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہیں، اور ہفتہ و اتوار کو صبح 8:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک ہیں۔ جنرل پریکٹس عوامی تعطیلات پر بند رہتی ہے۔ پیتھالوجی، فارمیسی، الائیڈ ہیلتھ، ریڈیالوجی اور سپیشلسٹ سروسز کے اوقات مختلف ہو سکتے ہیں۔ آنے سے پہلے KRMC کی ویب سائیٹ چیک کریں یا ریسیپشن سے رابطہ کریں۔

اگر آپ وہیل چیئر استعمال کرتے ہیں، آپکو چلنے کے لیے مدد کی ضرورت ہوتی ہے، سماعت یا بینائی سے متعلق آپکی کوئی ضروریات ہیں، یا اگر آپکو بات چیت کے لیے زیادہ وقت کی ضرورت ہے تو بکنگ کے وقت ریسیپشن کو بتائیں۔



 اپائنٹمنٹ لینے کا طریقہ

اپائنٹمنٹس HotDoc کے ذریعے، (02) 8822 3000 پر ریسیپشن کو کال کر کے، یا سنٹر میں آ کر بک کی جا سکتی ہیں۔ آن لائن بکنگ کا نظام ان ڈاکٹروں کے دستیاب اوقات دکھاتا ہے جو اس طریقے سے اپائنٹمنٹس دیتے ہیں۔ جب آپ ٹھیک سے نہ جانتے ہوں کہ کس قسم کی اپائنٹمنٹ بک کرنی چاہیے یا اگر آپکو اپنی مطلوبہ سروس آن لائن نظر نہ آئے تو ریسیپشن سے رابطہ کریں۔

اگر اپائنٹمنٹ کئی مسائل، ذہنی صحت، صحت کی اسیسمنٹ (جائزے)، دائمی بیماری کے ریویو، ورک پلیس میڈیکل، پروسیجر، فارم یا رپورٹ کے لیے ہو تو ریسیپشن کو پہلے بتائیں۔ ان صورتوں میں زیادہ لمبی اپائنٹمنٹ یا خاص تیاری کے ساتھ اپائنٹمنٹ ضروری ہو سکتی ہے۔ کچھ پروسیجرز کے لیے ابتدائی کنسلٹیشن (پروسیجر سے پہلے مشورے) کی ضرورت ہوتی ہے۔

روبرو اور ٹیلی ہیلتھ اپائنٹمنٹس مل سکتی ہیں۔ ٹیلی ہیلتھ ایمرجنسی صورتحال کے لیے مناسب نہیں ہے اور تب بھی مناسب نہیں جب کسی معائنے، ٹیسٹ یا پروسیجر کی ضرورت ہو۔ Medicareکے اہلیت کے قواعد لاگو ہوتے ہیں، اور پرائیویٹ فیس بھی ہو سکتی ہے۔ ریسیپشن اپائنٹمنٹ کی قسم اور متوقع فیس کی وضاحت کر سکتا ہے۔

ڈاکٹروں کی دستیابی بدل سکتی ہے۔ ارجنٹ (فوری توجہ طلب) طبی مسائل کے لیے ای میل، سوشل میڈیا یا ویب سائٹ پر انکوائری فارم استعمال نہ کریں۔



اپائنٹمنٹ کی تیاری

اپنا Medicare کارڈ یا ڈیپارٹمنٹ آف ویٹرنز افیئرز کارڈ، رعایتی (کنسیشن) کارڈ، اور اگر باتصویر شناخت نامہ مانگا جائے تو یہ بھی ساتھ لائیں۔ نئے مریض رجسٹریشن اور رضامندی کی تفصیلات مکمل کرنے کے لیے اپائنٹمنٹ کے وقت سے پہلے پہنچیں۔ اپنی رابطہ تفصیلات اور Medicare کی تفصیلات کو تازہ اور درست رکھیں۔

دوائیوں، وٹامنز اور سپلیمنٹس کی تازہ فہرست جس میں ڈوز بھی لکھی ہو، ساتھ لائیں۔ ہسپتالوں یا سپیشلسٹس کے متعلقہ خطوط، ٹیسٹوں کے نتائج، امیجنگ رپورٹس، امیونائزیشن ریکارڈز، اور ورک پلیس ڈاکومنٹس یا فارمز بھی ساتھ لائیں۔ والدین چاہیں تو بچے کا صحت کا ریکارڈ ساتھ لاسکتے ہیں۔ اہم علامات، ان کے شروع ہونے کا وقت اور اپنے سوالات لکھ رکھیں۔

ڈاکٹر کو اپنی الرجیوں، حمل یا دودھ پلانے، حال ہی میں ہسپتال میں علاج، اور کسی اور جگہ سے تجویز کردہ دوائیوں کے بارے میں بتائیں۔ مناسب طبی مشورے کے بغیر نہ دوائی چھوڑیں اور نہ بدلیں۔

جہاں مناسب ہو، آپکے ساتھ ایک مددگار اپائنٹمنٹ پر آ سکتا ہے۔ حساس بات چیت کے لیے پیشہ ور انٹرپریٹر (مترجم) لینا بہتر ہو سکتا ہے۔ بچوں کو پیچیدہ معلومات یا صحت کی پرائیویٹ معلومات کا ترجمہ نہیں کرنا چاہیے۔



کمیونیکیشن اور زبان کے لیے مدد

واضح کمیونیکیشن سے صحت کی محفوظ صحت دیکھ بھال میں مدد ملتی ہے۔ KRMC میں بہت سے کنسلٹنگ (مشورہ دینے والے) جنرل پریکٹیشنرز ایک سے زیادہ زبانیں بولتے ہیں۔ ریسیپشن سے پوچھیں کہ کون سے ڈاکٹر آپ کی ترجیحی زبان بولتے ہیں اور کیا آپکو ان کے ساتھ اپائنٹمنٹ مل سکتی ہے۔ اپائنٹمنٹ بک کرتے ہوئے زبان کی اہلیت اور دستیابی کے متعلق بتانا چاہیے۔

اگر آپ کو انٹرپریٹر یا بات کرنے کے لیے کسی دوسری سہولت کی ضرورت ہو تو براہِ مہربانی پہلے سے ریسیپشن کو بتا دیں۔ انٹرپریٹر کا انتظام خودبخود نہیں ہو جاتا بلکہ آپ کو بتا کر تصدیق حاصل کرنی ہوتی ہے۔ پیشہ ور انٹرپریٹر درست کمیونیکیشن اور رازداری یقینی بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔ آپکی رضامندی اور طبی حالات پر منحصر، کوئی قابلِ اعتماد مددگار بھی اپائنٹمنٹ پر ساتھ آ سکتا ہے۔

جو بھی بات واضح نہ ہو، ڈاکٹر سے وہ دہرانے، سمجھانے یا لکھ کر دینے کو کہیں۔ اپائنٹمنٹ ختم کرنے سے پہلے یہ یقینی بنائیں کہ آپ اگلا مرحلہ سمجھ گئے ہیں، جیسے ٹیسٹ، دوائی، ریفرل، فالو اپ (مزید خبرگیری) یا ارجنٹ ریویو (فوری ضروری جائزہ)۔



بلک بلنگ اور ممکنہ فیسیں

KRMC میں Medicare کے لیے اہل بہت سی جی پی کنسلٹیشنز کی بلک بلنگ ہوتی ہے۔ جب کسی سروس کی بلک بلنگ ہو تو طبی ماہر براہِ راست Medicare کو بل بھیجتا ہے اور مریض کو اس سروس کے لیے اپنی جیب سے کچھ خرچ نہیں کرنا پڑتا۔

جو خدمات Medicare کے تحت نہیں ہیں، جو Medicare کے اہلیت کے تقاضے پورے نہیں کرتیں، یا جن کے اضافی اخراجات ہیں، ان کی فیس ہو سکتی ہے۔ اسکی ممکنہ مثالیں بعض پروسیجرز، پٹی کروانا، ویکسینز،میڈیکل رپورٹس، فارمز، ورک پلیس میڈیکلز، پرائیویٹ کنسلٹیشنز، درست Medicare کارڈ نہ رکھنے والے مریضوں کے لیے خدمات، اور کچھ سپیشلسٹ اپائنٹمنٹس یا الائیڈ ہیلتھ اپائنٹمنٹس ہیں۔ پیتھالوجی، ریڈیالوجی، فارمیسی اور دیگر پرووائیڈرز اپنے بلنگ کے انتظامات خود طے یا لاگو کرتے ہیں۔

اپائنٹمنٹ یا پروسیجر سے پہلے ممکنہ فیسوں کے بارے میں ریسیپشن سے پوچھیں۔ فائنل سروس اور فیس کا انحصار طبی اسیسمنٹ (جائزہ و تشخیص) اور ضروریات پر ہو سکتا ہے۔ Medicare کے لیے اہلیت، بلک بلنگ، ریبیٹس (رعایتیں) اور مریض کی جیب سے اخراجات میں تبدیلی آ سکتی ہے۔



آسٹریلیا میں صحت کے متعلق عام استعمال ہونے والی اصطلاحات

جنرل پریکٹیشنر، یا جی پی، وہ ڈاکٹر ہوتا ہے جس سے سب سے پہلے رابطہ کیا جاتا ہے اور جو مسلسل نگہداشت فراہم کرتا ہے۔ جی پی علامات کا جائزہ لے سکتا ہے، کئی بیماریوں کو سنبھال سکتا ہے، جب دوائیاں دینا مناسب ہو تو دوائیاں تجویز کر سکتا ہے، ٹیسٹ کروا سکتا ہے اور مریض کو سیپشلسٹ کے پاس بھیج سکتا ہے۔

ریفرل سے مراد ایک رقعہ یا الیکٹرانک درخواست ہے جو سیپشلسٹ یا کسی اور سروس کو بھیجی جاتی ہے۔ کچھ خدمات لینے کے لیے پہلے درست ریفرل مہیا ہونا ضروری ہے اور اس کے بعد ہی اپائنٹمنٹ یا Medicare ریبیٹ (رعایت) ملتی ہے۔ ریفرل کی میعاد ختم ہو سکتی ہے۔

پیتھالوجی کا مطلب لیبارٹری ٹیسٹنگ ہے جیسے خون، پیشاب یا سواب (جسمانی رطوبت کے نمونے) کے ٹیسٹ۔ ریڈیالوجی یا میڈیکل امیجنگ میں ایکسرے، الٹراساؤنڈ اور دوسرے سکینز شامل ہیں۔ عام طور پر ایک ریکوئسٹ فارم درکار ہوتا ہے، اور جس شخص نے ٹیسٹ کا آرڈر دیا ہو، عموماً نتیجہ اسی کو بھیجا جاتا ہے۔

الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز میں فزیوتھراپسٹ اور وہ دوسرے پریکٹیشنرز شامل ہیں جو حرکت، بحالئ صحت، غذائیت یا روزمرہ فنکشننگ (زندگی کے افعال) کے لیے مدد دیتے ہیں۔ سپیشلسٹ وہ ڈاکٹر ہوتا ہے جس نے کسی مخصوص شعبے میں اعلیٰ تربیت حاصل کی ہوتی ہے۔ سپیشلسٹس کی فیسیں جی پی بلنگ سے الگ ہوتی ہیں۔

پریسکرپشن یعنی نسخے سے مراد دوائی لینے کے لیے ڈاکٹر کا رقعہ ہے۔ ریپیٹ (ایک ہی دوائی کا دوبارہ نسخہ) لینے کے لیے ڈاکٹر سے ملنا ضروری ہو سکتا ہے تاکہ حفاظت اور نگرانی کا خیال رکھا جائے۔ ٹیلی ہیلتھ سے مراد فون یا وڈیو کال پر مشورہ ہے، جب یہ مناسب ہو۔

MyMedicare آسٹریلیا میں مریضوں کی رجسٹریشن کا نظام ہے جس میں شامل ہونا لوگوں کی مرضی پر منحصر ہے۔ مریض اپنی پسند کے مطابق کسی میڈیکل پریکٹس کے ساتھ رجسٹر کر سکتا ہے اور اپنا ترجیحی جی پی نامزد کر سکتا ہے۔



 جنرل پریکٹس میں روزمرہ طبی نگہداشت

جی پی نئی علامات کا جائزہ لے سکتا ہے اور صحت کے جاری مسائل کو سنبھالنے میں مدد کر سکتا ہے۔ اپائنٹمنٹ لینے کی وجوہ یہ ہو سکتی ہیں: بخار، کھانسی، انفیکشنز، درد، سر درد، معدے یا آنتوں کی علامات، معمولی چوٹیں، جلد کے مسائل، نیند کے مسائل، دوائیوں کے بارے میں سوالات، جنسی صحت کے مسائل، میڈیکل سرٹیفیکیٹس اور ہسپتال سے علاج کے بعد فالو اپ (خبرگیری)۔

ڈاکٹر مریض کی علامات، گزشتہ طبی حالات، ادویات، معائنے کے نتائج اور طبی ضروریات پر غور کرے گا۔ ڈاکٹر مریض کو خود اپنی نگہداشت، نگرانی، نسخہ، پیتھالوجی، امیجنگ، کوئی پروسیجر، ریفرل یا فالو اپ اپائنٹمنٹ تجویز کر سکتا ہے۔ ٹیسٹ، نسخے، ریفرلز اور علاج خودبخود نہیں ہو جاتے؛ یہ انفرادی اسیسمنٹ اور طبی لحاظ سے موزوں ہونے پر ملتے ہیں۔

جب کئی الگ الگ معاملات پر بات کرنے کی ضرورت ہو تو لمبی اپائنٹمنٹ بک کریں۔ نئی اور شدید علامات کے لیے معمول کے معائنے کے بجائے ارجنٹ یا ایمرجنسی طبی مدد ضروری ہو سکتی ہے۔



 بچوں اور نوعمر افراد کی صحت

کنسلٹنگ جنرل پریکٹیشنرز شیرخواروں، بچوں اور ٹین ایجرز کی صحت کی دیکھ بھال کر سکتے ہیں۔ اپائنٹمنٹس شدید بیماری، بڑھوتری اور نشوونما، امیونائزیشن، دمے، الرجی، جلدی امراض، نیند، رویے، سکول سے متعلق پریشانیوں، بیماری روک تھام کی غرض سے دیکھ بھال اور نوعمر افراد کی ویل بینگ (اچھی کیفیت) کے لیے ہو سکتی ہیں۔

سکول، ہسپتال یا دوسرے معالجوں سے ملنے والے متعلقہ طبی ریکارڈ، ادویات اور معلومات ساتھ لائیں۔ اگر کئی مسائل پر یا نشوونما کی اسیسمنٹ کے متعلق بات کرنی ہو تو ریسیپشن کو پہلے بتائیں تاکہ کافی وقت رکھا جا سکے۔

بچے اور نوعمر افراد کبھی کبھار اپنی عمر، سمجھ بوجھ اور طبی صورتحال کے مطابق ڈاکٹر سے علیحدگی میں بات کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر رازداری کے متعلق وضاحت کریں گے اور بتائیں گے کہ کن صورتوں میں حفاظت کی خاطر یا قانونی وجوہات سے معلومات کسی اور کو دینا ضروری ہو سکتا ہے۔ جب بچہ بہت بیمار ہو، اسے سانس لینے میں دشواری ہو، غیر معمولی غنودگی ہو یا کوئی اور شدید علامات پیش ہوں تو والدین یا سرپرستوں کو ارجنٹ (فوری) طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔



خواتین کی تولیدی اور جنسی صحت

خواتین ماہواری کے مسائل، مانع حمل طریقوں، سرویکل سکریننگ، چھاتیوں کے مسائل،تولیدی صلاحیت اور قبل از حمل نگہداشت، حمل سے متعلق نگہداشت، زچگی کے بعد صحت، مینوپاز (سن یاس)، جنسی صحت، ذہنی صحت اور بیماری کی روک تھام کی غرض سے معائنوں کے لیے جنرل پریکٹس میں اپائنٹمنٹ لے سکتی ہیں۔ مریضائیں خاتون جی پی لینے کی درخواست کر سکتی ہیں، اگر خاتون جی پی دستیاب ہو تو۔

کچھ کنسلٹنگ ڈاکٹرز خواتین کی صحت کے لیے اضافی تربیت یا خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ بعض ڈاکٹرز مانع حمل امپلانٹ یا رحم میں لگائی جانے والی ڈیوائس (IUD) کی خدمات فراہم کر سکتے ہیں جن میں اسیسمنٹ، امپلانٹ یا ڈیوائس لگانا یا نکالنا شامل ہے۔ ان پروسیجرز کے لیے مناسب اپائنٹمنٹ لینا ضروری ہے اور ممکن ہے پروسیجر سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ لینا بھی ضروری ہو۔ بکنگ سے پہلے ان خدمات کی دستیابی، طبی لحاظ سے موزونیت اور فیس کے بارے میں پوچھ لینا چاہیے۔

جس حد تک قانون اور حفاظتی تقاضے اجازت دیتے ہوں، ڈاکٹر سے مشورہ راز میں رہتا ہے۔ ڈاکٹر کو اپنی متعلقہ ادویات، الرجیوں، حمل، دودھ پلانے اور گزشتہ پروسیجرز کے بارے میں بتائیں۔ ڈاکٹر انفرادی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد معائنے، ٹیسٹوں، امیجنگ، علاج، فالو اپ (آئندہ خبرگیری) یا ریفرل کا مشورہ دے سکتا ہے۔



مردوں کی صحت

مرد جی پی سے عمومی صحت، بلڈ پریشر، ذیابیطس کے خطرے، دل کی صحت، وزن، نیند، ذہنی صحت، تمباکو نوشی، شراب نوشی، جنسی صحت، تولیدی صلاحیت، پیشاب کے مسائل، پراسٹیٹ کے مسائل، جلد میں تبدیلیوں اور طویل المدت امراض کے بارے میں مشورہ کر سکتے ہیں۔

صحت کے کچھ مسائل بہت ذاتی محسوس ہو سکتے ہیں یا ان پر بات کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ جس حد تک قانون اور حفاظتی تقاضے اجازت دیتے ہوں، جی پی سے مشورہ راز میں رہتا ہے۔ درست معلومات فراہم کرنے سے ڈاکٹر کو خطرات پر غور کرنے اور مناسب اقدامات پر بات کرنے میں مدد ملتی ہے۔ عمر، علامات، خاندان میں صحت کے حالات اور خطرے کے دوسرے عوامل کی بنیاد پر، چیک اپ میں سوالات، جسمانی معائنہ یا ٹیسٹ شامل ہو سکتے ہیں۔ ہر فرد کی طبی ضرورت کے مطابق سکریننگ اور علاج کا مشورہ دیا جاتا ہے لہذا سب لوگوں کے لیے ایک جیسی خدمات نہیں ہوتیں۔



 دائمی بیماریوں کو سنبھالنا اور نگہداشت کی منصوبہ بندی

کرانک یا دائمی بیماری سے مراد صحت کا ایسا مسئلہ ہے جو لمبا عرصہ رہتا ہے اور جس پر باقاعدگی سے نظر رکھنا ضروری ہو سکتا ہے۔ اس کی مثالوں میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، دل کی بیماری، دمہ، chronic obstructive pulmonary disease (پھیپھڑوں میں رکاوٹ اور سانس کی دائمی بیماری)، گردوں کی بیماری اور درد کے لمبا عرصہ رہنے والے کچھ مسائل یا ذہنی صحت کے مسائل شامل ہیں۔

مسلسل نگہداشت میں جی پی کے باقاعدگی سے ریویوز (غور)، نرس کی مدد، دوائیوں پر غور، پیمائشیں، پیتھالوجی، امیجنگ، طرزِ زندگی پر گفتگو، ایکشن پلانز اور سیپشلسٹس یا الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے ساتھ مل کر علاج شامل ہو سکتا ہے۔ اہل مریض Medicare کی فنڈنگ سے دائمی بیماریوں کے لیے مینیجنمنٹ پلان یا متعلقہ خدمات لے سکتے ہیں۔ Medicare کے موجودہ قواعد اور مریض کی ضروریات کی بنا پر طے ہوتا ہے کہ آيا ایک مریض نگہداشت لینے کا اہل ہے اور اسے کس قسم کی مدد مل سکتی ہے۔

تسلسل رکھنا فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ جہاں ممکن ہو، ایک ہی جی پی یا ایسے چند ایک ڈاکٹروں سے ہی اپائنٹمنٹ لیں جو آپ کی صحت کے حالات جانتے ہوں۔ اگر علامات بدل جائیں تو اگلی طے شدہ اپائنٹمنٹ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد معائنہ کروائیں۔



MyMedicare اور نگہداشت کا تسلسل

MyMedicare آسٹریلین حکومت کا پروگرام ہے جس میں شامل ہونا لوگوں کی مرضی پر منحصر ہے اور یہ اہل مریضوں کو ایک ترجیحی جنرل پریکٹس کے ساتھ رجسٹر کرنے اور اپنا ترجیحی جی پی نامزد کرنے کا موقع دیتا ہے۔ اہلیت اور پروگرام کے موجودہ قواعد پر منحصر، رجسٹریشن سے نگہداشت کے تسلسل اور Medicare کی بعض خدمات حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

Medicareکارڈ یا ڈیپارٹمنٹ آف ویٹرنز افیئرز کا ویٹرن کارڈ رکھنے والے مریض KRMC میں رجسٹریشن کے بارے میں ریسیپشن سے پوچھ سکتے ہیں۔ Medicareآن لائن اکاؤنٹ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔ مریض جس پریکٹس میں رجسٹر کرے، وہ اس پریکٹس میں اپنا نامزد جی پی تبدیل کر سکتا ہے، پریکٹس تبدیل کر سکتا ہے، یا MyMedicare سے الگ ہو سکتا ہے۔

رجسٹریشن مریض کو کسی دوسری پریکٹس کے پاس جانے سے نہیں روکتی۔ یہ اپائنٹمنٹ کی دستیابی، کسی مخصوص سروس یا بلک بلنگ کی ضمانت نہیں دیتی۔ سپیشل بینیفٹ پر انحصار کرنے سے پہلے ریسیپشن سے تازہ معلومات مانگیں یا Services Australia سے رجوع کریں۔



 ذہنی صحت کے لیے مدد

جی پی کے ساتھ اپائنٹمنٹ ذہنی دباؤ، بےچینی، اداسی، غم، صدمہ، نیند کے مسائل، تھکاوٹ، منشیات کے استعمال، تعلقات کے مسائل یا ذہنی صحت کے دوسرے مسائل پر بات چیت کا آغاز ہو سکتی ہے۔ جہاں ممکن ہو لمبی اپائنٹمنٹ بک کریں تاکہ دھیان سے اور پروا کے ساتھ گفتگو کے لیے کافی وقت ہو۔

ڈاکٹر علامات، جسمانی صحت، دوائیوں، حفاظت اور مدد کی دستیاب قسموں پر غور کر سکتا ہے۔ اسیسمنٹ سے سامنے آنے والی معلومات کے لحاظ سے، اگلے مرحلے میں جی پی کے ساتھ فالو اپ، طرزِ زندگی کے لیے مدد، دوائی، ریفرل، یا اہل مریض کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریٹمنٹ پلان شامل ہو سکتا ہے۔ ماہرینِ نفسیات اور دوسرے معالج اپنی فیسیں خود مقرر کرتے ہیں۔

فوری خطرے یا زندگی کو خطرے میں ڈالنے والی ایمرجنسی کے لیے ٹرپل زیرو (000) پر کال کریں۔ NSW Mental Health Line (ذہنی صحت کی فون سروس) 1800 011 511 پر دن رات 24گھنٹے دستیاب ہے۔ جب فوری مدد کی ضرورت ہو تو ای میل یا سوشل میڈیا کے بجائے ان خدمات کا استعمال کرنا چاہیے۔



 روک تھام کی غرض سے نگہداشت، صحت کے معائنے اور ویکسینیشن

روک تھام کی غرض سے نگہداشت کا مقصد صحت کے خطرات معلوم کرنا اور بروقت ویکسینیشن اور سکریننگ جاری رکھنا ہے۔ جی پی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ذیابیطس کے خطرے، سگرٹ نوشی، شراب نوشی، غذائیت، ورزش، نیند، ذہنی صحت، جنسی صحت اور خاندان کی صحت کے حالات پر بات کر سکتا ہے۔ عمر، جنس، صحت کے حالات اور خطرے کے عوامل اس بات پر اثر انداز ہوتے ہیں کہ کون سے معائنے مناسب ہیں۔

اہل مریضوں کو Medicare کی مخصوص ہیلتھ اسیسمنٹس یا سکریننگ پروگرام پیش کیے جا سکتے ہیں۔ نیشنل پروگرامز میں اہل افراد کے لیے سرویکل سکریننگ، چھاتیوں کی سکریننگ اور باؤل (آنتیں) سکریننگ شامل ہیں۔ جی پی بتا سکتا ہے کہ ایک مریض کے لیے ان میں سے کونسے پروگرام مہیا ہیں اور جہاں ضروری ہو، آئندہ خبرگیری کا انتظام کر سکتا ہے۔

ویکسینیشن اپائنٹمنٹس میں معمول کی بچوں کی ویکسینز، فلو، COVID-19، سفری ویکسینز اور وہ دوسری ویکسینز لگائی جا سکتی ہیں جو مخصوص عمروں، طبی مسائل، کام یا سفر کے لیے تجویز کی جاتی ہیں۔ مختلف لوگوں کے لیے ویکسینز کی دستیابی، حکومت کی فنڈنگ اور طبی لحاظ سے موزوں ہونے میں فرق ہوتا ہے۔ آپکے پاس اپنا جو بھی امیونائزیشن ریکارڈ ہو، وہ ساتھ لائیں اور معالج کو ماضی میں ویکسینز پر ردعمل، حمل، بیماری اور اپنی دوائیوں کے بارے میں بتائیں۔



 جلد کے معائنے اور جلد کے مسائل

کنسلٹنگ جنرل پریکٹیشنرز جلد پر دانوں/سرخ دھبوں، کیل مہاسوں، انفیکشنوں، زخموں، ٹھیک نہ ہونے والے زخموں یا چھالوں، نئے یا بدلتے ہوئے داغ دھبوں اور دوسرے جلدی مسائل کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ ̗جلدی مسائل کی اضافی تربیت رکھنے والے ڈاکٹر ̗جلد کا معائنہ کرتے ہیں اور زخموں کا تفصیلی معائنہ کرنے کے لیے ڈرماٹوسکوپ استعمال کر سکتے ہیں۔

جائزے کے بعد، ڈاکٹر نگرانی، فوٹوگرافی، دوائی، بائیوپسی، فریزنگ، چھوٹی سرجری، ریفرل یا کسی اور قسم کی دیکھ بھال کا مشورہ دے کر سکتا ہے۔ مناسب حل زخم کی ظاہری شکل اور مقام، مریض کے گزشتہ حالات اور کلینیکل نتائج پر منحصر ہوتا ہے۔ پروسیجر کے لیے الگ اپائنٹمنٹ ضروری ہو سکتی ہے، اور پروسیجرز، پٹی کروانے یا پیتھالوجی کی فیس ہو سکتی ہے۔

ایسے دھبے یا زخم کے لیے فوری معائنہ کروائیں جو بدل رہا ہو، جس سے خون بہتا ہو، جو ٹھیک نہ ہو رہا ہو یا کسی طرح بھی فکر کا سبب بن رہا ہو۔ ایسا کوئی معائنہ نہیں ہے جو نئی یا بدلتی ہوئی علامات پر مسلسل توجہ کی جگہ لے سکتا ہو۔



 الرجیوں کا جائزہ

الرجی کلینک الرجیوں کا پتہ چلانے کے لیے بچوں اور بالغوں کی اسیسمنٹ (تشخیصی معائنہ) کرتا ہے۔ الرجی کے مسائل موسم بہار کی الرجی، کھانے پینے کی چیزوں یا دوائیوں پر ردعمل، چھپاکی یا خارش کرنے والے دھبوں، ایگزیما، دمے کی علامات یا ماضی میں شدید الرجی ردعمل کی صورت میں ہو سکتے ہیں۔

اسیسمنٹ صحت کے گزشتہ حالات کی تفصیل اکٹھی کرنے سے شروع ہوتی ہے۔ جہاں طبی لحاظ سے مناسب ہو، سکن پرک ٹیسٹ (جلد پر سوئیاں لگا کر مختلف مادّے ٹیسٹ کرنا) یا کوئی اور چھان بین کی جا سکتی ہے؛ ہر مریض کے لیے یہ ٹیسٹ مناسب یا ضروری نہیں ہوتا۔ ممکن ہے ڈاکٹر احتیاطی تدابیر، دوائیوں، ایکشن پلان، ایمرجنسی علاج، مزید خبرگیری یا ریفرل کے متعلق بتائے۔

ماضی میں ردعمل کی تفصیلات، اگر فوٹوز ہوں تو یہ فوٹوز، ہسپتالوں کے خطوط، ٹیسٹوں کے نتائج اور موجودہ دوائیوں کی فہرست ساتھ لائیں۔ کچھ دوائیاں ٹیسٹنگ کو متاثر کر سکتی ہیں لیکن جب تک کلینک یا دوائی دینے والا معالج واضح ہدایات نہ دے، دوائی لینا نہ چھوڑیں۔ سانس لینے میں دشواری، بے ہوشی یا دوسری ایمرجنسی علامات کے ساتھ شدید الرجک ردعمل ہونے پر 000 پر کال کریں۔



ایبوریجنل اور ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر لوگوں کی صحت

KRMC قومDarug کو اس زمین کے روایتی نگہبان تسلیم کرتا ہے اور ماضی و حال کے بزرگوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ ایبوریجنل اور ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر مریضوں کو دعوت ہے کہ وہ رجسٹریشن کے وقت یا میڈیکل سنٹر میں آنے پر اپنی شناخت بتائیں۔ یہ معلومات طبی ریکارڈ کا حصہ سمجھی جاتی ہیں اور پریکٹس کو صحت کی متعلقہ اسیسمنٹس، روک تھام کی خاطر نگہداشت اور امدادی پروگرام طے کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

نگہداشت میں جنرل پریکٹس، دائمی بیماریوں کو سنبھالنا، امیونائزیشن، صحت کی اسیسمنٹس، ریفرلز اور دوسری سروسز کے ساتھ ربط شامل ہو سکتا ہے۔ KRMC اہل ایبوریجنل اور ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر مریضوں کی مدد کی خاطر Western Sydney Integrated Team Care کے ساتھ بھی کام کرتا ہے۔ پروگرام کی دستیابی اور اپنی اہلیت کے متعلق پہلے ریسیپشن یا معالج سے پوچھنا چاہیے۔



کام سے متعلق صحت کے جائزے اور میڈیکل اسیسمنٹس

بعض چنیدہ کنسلٹنگ ڈاکٹرز WorkCover کنسلٹیشنز، ملازمت سے قبل میڈیکلز (طبی معائنے) اور مختلف پیشوں سے متعلق صحت کے جائزے فراہم کرتے ہیں۔ اپائنٹمنٹ کی درست قسم، ڈاکٹر، دستاویزات اور ٹیسٹوں کا انحصار آجر، انشورنس کمپنی، ملازمت میں رول اور اسیسمنٹ کے مقصد پر ہوتا ہے۔

ریسیپشن کو وضاحت سے بتائیں کہ آپ کو کونسا میڈیکل کروانا ہے اور تمام فارم، شناختی دستاویزات اور آجر یا انشورنس کمپنی کی معلومات ساتھ لائیں۔ کچھ اسیسمنٹس کے لیے اضافی وقت، سماعت یا سانس کے ٹیسٹ، پیتھالوجی، امیجنگ یا کسی اور اپائنٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کی فیس ہو سکتی ہے اور آنے سے پہلے آپ کو فیس کے متعلق پوچھ لینا چاہیے۔

کلینیکل نتائج اور رپورٹس رضامندی، رازداری اور قانونی تقاضوں کے مطابق سنبھالی جاتی ہیں۔ آجر کی درخواست معالج کی خودمختارانہ اسیسمنٹ کا متبادل نہیں ہے۔



آن سائیٹ اور وزیٹنگ سروسز

کئی پرووائیڈرز KRMC کلینک سے کام کرتے ہیں یا خدمات دینے کے لیے آتے ہیں جن میں Clinical Labs پیتھالوجی، Specialist Radiology Group ، Kildare Road Pharmacy، فزیوتھراپی، دوسری الائیڈ ہیلتھ سروسز اور کنسلٹنگ میڈیکل سیپشلسٹس شامل ہیں۔

پیتھالوجی سروس معالج کی درخواست کے مطابق ٹیسٹ کرنے کے لیے مریضوں سے نمونے لیتی ہے۔ ریڈیالوجی سروس درست درخواست ملنے پر میڈیکل امیجنگ کرتی ہے۔ فارمیسی دوائیاں فراہم کرتی ہے۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز حرکت، بحالئ صحت اور فنکشن (اعضا کے درست کام) جیسی ضروریات کے لیے مدد دیتے ہیں۔ ہمارے سنٹر میں مریض دیکھنے والے سیپشلسٹس میں بہت سے شعبوں کے ڈاکٹر شامل ہیں جیسے سرجری، گردوں کی صحت، بڑھاپے کے امراض اور درد کا علاج، اگرچہ انکی دستیابی بدل سکتی ہے۔

ہر پرووائیڈر اپنی اپائنٹمنٹس، خدمات، اوقات اور فیسوں کے معاملات خود چلاتا ہے۔ سیپشلسٹ ، امیجنگ یا Medicare ریبیٹ کے لیے جی پی کی ریفرل ضروری ہو سکتی ہے۔ پوچھیں کہ آپ کو کیا ساتھ لانا ہے، نتائج کیسے بھیجے جائیں گے اور کیا کوئی فیس ہے۔ پرووائیڈرز کے ایک ہی عمارت میں ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ہر پرووائیڈر خود بخود تمام ریکارڈز دیکھ سکتا ہے۔



 ایک سے زیادہ زبانیں بولنے والے جنرل پریکٹیشنرز کی ڈائریکٹری

ان چنیدہ ڈاکٹروں کی ڈائریکٹری مریضوں کو کنسلٹنگ جی پی چننے میں مدد دیتی ہے۔ اس سے ڈاکٹر کی دستیابی، نئے مریض قبول کرنے یا کسی مخصوص سروس کے موزوں ہونے کی ضمانت نہیں ملتی۔ ریسیپشن سے تصدیق کریں کہ ڈائریکٹری میں شامل تفصیلات اب بھی درست ہیں۔

Dr Abhilasha Roy

زبانیں: انگلش؛ ہندی؛ مراٹھی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے خاص شعبے: فیملی میڈیسن؛ بچوں کی صحت؛ خواتین کی صحت؛ دائمی بیماریاں؛ جلدی امراض؛ ذہنی صحت؛ ورک پلیس اور گاڑیوں کے حادثات کے کچھ معاملات میں مشورہ۔

Dr Chitra Ramaswamy

زبانیں: انگلش؛ ہندی؛ تامل

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے خاص شعبے: فیملی میڈیسن ؛ جامع جنرل پریکٹس؛ مریض کو مرکز میں رکھتے ہوئے نگہداشت۔

Dr Anitha Devara

زبانیں: انگلش؛ تیلگو؛ ہندی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: خواتین کی صحت؛ دائمی بیماریاں؛ بچوں کی صحت؛ بوڑھوں کی صحت؛ WorkCover کنسلٹیشنز۔

Dr Kabir Ahmed

زبانیں: انگلش؛ بنگلہ

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: ایبوریجنل لوگوں کی صحت؛ دائمی بیماریوں کی نگہداشت؛ ایمرجنسی میڈیسن؛ زندگی کے اختتام کے قریب آرام دلانے کے لیے علاج؛ الرجیوں کی اسیسمنٹ؛ کچھ ورک پلیس میڈیکلز۔

Dr Nasim Ahmed

زبانیں: انگلش؛ بنگلہ؛ ہندی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: فیملی میڈیسن؛ ذہنی صحت؛ بچوں کی صحت؛ خواتین کی صحت؛ کچھ ورک پلیس میڈیکلز۔

Dr Mostafa Baghdadi

زبانیں: انگلش؛ فارسی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: دائمی بیماریاں؛ ذہنی صحت؛ جلدی امراض؛ بچوں کی صحت؛ بوڑھوں کی صحت؛ پٹھوں اور ہڈیوں کے مسائل، اور متعدّی بیماریاں؛ ورک پلیس ہیلتھ۔

Dr Sameer Abedi

زبانیں: انگلش؛ اردو؛ ہندی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: دائمی بیماریاں؛ بچوں کی صحت؛ سکن کینسر کا علاج؛ کچھ ورک پلیس میڈیکلز۔

Dr Abraham Boules

زبانیں: انگلش؛ عربی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: فیملی میڈیسن؛ نوعمر بچوں اور نوجوانوں کی صحت؛ وزن قابو میں رکھنا؛ سگرٹ نوشی ترک کرنا؛ ذہنی صحت؛ دائمی بیماریاں اور درد؛ جنسی اور تولیدی صحت۔

Dr Julia Khaled

زبانیں: انگلش؛ بنگلہ

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: خواتین کی صحت؛ مانع حمل طریقے؛ وزن قابو میں رکھنا؛ دائمی بیماریاں؛ ذہنی صحت؛ بچوں کی صحت؛ بوڑھوں کی صحت۔

Dr Yvette Castellino

زبانیں: انگلش؛ اردو

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: جنرل میڈیسن؛ خواتین کی صحت۔

Dr Sultan Ahmad

زبانیں: انگلش؛ ہندی؛ پنجابی؛ اردو

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: جنرل میڈیسن؛ دائمی بیماریوں کو سنبھالنا؛ اچانک اور شدید بیماری۔

Dr Angelica Logarta-Scott

زبانیں: انگلش؛ سیبوآنو؛ ٹگالوگ

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: فیملی میڈیسن؛ دائمی بیماریاں؛ امراضِ جلد؛ مردوں کی صحت؛ زندگی کے اختتام کے قریب آرام دلانے کے لیے علاج؛ بچوں کی صحت؛ خواتین کی صحت؛ سکن کینسر کا علاج ۔

Dr Bharat Jain

زبانیں: انگلش؛ ہندی؛ تیلگو

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: یورولوجی (پیشاب کے نظام کے مسائل)؛ بوڑھوں کی صحت؛ ایمرجنسی میڈیسن

Dr Natasha Rahman

زبانیں: انگلش؛ بنگالی؛ ہندی

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: جنسی صحت؛ خواتین کی صحت؛ جنرل میڈیسن

Dr Veemarajah Vernugopalan

زبانیں: انگلش؛ تامل

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: جنرل میڈیسن؛ کچھ ورک پلیس میڈیکلز

Dr Dharma Suthaharan

زبانیں: انگلش؛ تامل

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: خواتین کی صحت

Dr Guru Yajaman

زبانیں: انگلش؛ ہندی؛ اردو؛ کناڈا

موجودہ پروفائل پر دکھاّئے گئے اہم شعبے: ذیابیطس؛ دل اور خون کی نالیوں کے امراض؛ دمہ؛ پھیپھڑوں میں رکاوٹ اور سانس کی دائمی بیماری؛ دائمی بیماریوں کو سنبھالنا؛ روک تھام کی غرض سے نگہداشت۔ Diabetes Clinic کے نگران۔

Dr Arsina Nausheen

زبانیں: انگلش؛ ہندی؛ اردو

موجودہ پروفائل پر دکھائے گئے اہم شعبے: خواتین کی صحت؛ خاندانی منصوبہ بندی؛ امراضِ جلد؛ متعدی امراض۔



نتائج، نسخے، ریفرلز اور مزید خبرگیری

ڈاکٹر سے پوچھیں کہ ٹیسٹوں کے نتائج کب اور کیسے ملیں گے۔ نتائج کو عموماً وہی معالج چیک کرتا ہے جس نے ٹیسٹ کروائے تھے، اور بعض نتائج جاننے کے لیے اپائنٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ فرض نہ کریں کہ رابطہ نہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہر نتیجہ نارمل ہے۔ اگر متوقع فالو اپ (مزید خبرگیری) نہ ہوا ہو تو ریسیپشن سے رابطہ کریں لیکن یاد رکھیں کہ ریسیپشن کا عملہ طبی نتائج کا مطلب نہیں سمجھا سکتا۔

ریپیٹ نسخے، ریفرل، سرٹیفیکیٹس، فارمز اور رپورٹس کے لیے اپائنٹمنٹ ضروری ہو سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے، آپ کو یہ دینے سے پہلے ڈاکٹر کے لیے موجودہ علامات، نگرانی، ادویات کا محفوظ ہونا یا ریفرل کے تقاضے چیک کرنا ضروری ہو۔ دوائیاں ختم ہونے یا ریفرل کی مدت ختم ہونے سے کافی وقت پہلے اپائنٹمنٹ مانگ لیں۔

اگر فالو اپ اپائنٹمنٹ کا مشورہ دیا گيا تھا تو یہ اپائنٹمنٹ بک کریں اور مطلوبہ ٹیسٹ کروا لیں۔ اگر آپ کی رابطہ تفصیلات بدل جائیں تو پریکٹس کو مطلع کریں۔ رازداری کی خاطر، عملے کو معلومات کے تبادلے سے پہلے آپکی شناخت چیک کرنی پڑ سکتی ہے، اور تفصیلی طبی معلومات عام طور پر عام ای میل یا سوشل میڈیا کے ذریعے بھیجی نہیں جاتی۔



فوری نگہداشت، اوقاتِ کار کے بعد مدد اور ہنگامی حالات (ایمرجنسی)

KRMC ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نہیں ہے۔ شدید ایمرجنسی یا زندگی کو خطرہ ہونے کی صورت میں میں ٹرپل زیرو (000) پر کال کریں یا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں جائیں۔ اس کی مثالیں سانس لینے میں شدید دشواری، بے ہوشی، سٹروک (فالج) کی علامات، سینے میں شدید درد، زیادہ خون نکلنا، شدید چوٹ یا نقصان کا فوری خطرہ ہیں۔ جب خود گاڑی چلانا غیر محفوظ ہو تو گاڑی نہ چلائیں۔

KRMC کے بند ہو جانے کے بعد 13CURE نامی سروس فون نمبر 13 2873 پر خدمات دیتی ہے۔ براہِ راست 13CURE سے سروس کی دستیابی اور اپنی اہلیت کے متعلق پوچھیں۔

Healthdirect فون نمبر 1800 022 222 پر مہیا رجسٹرڈ نرس سروس ہے جو دن رات 24 گھنٹے صحت کے لیے معلومات و مشورہ دیتی ہے۔ اگر انگلش آپ کی اصل زبان نہیں ہے تو 131 450 پر TIS National کو کال کریں اور Healthdirect سے رابطہ کروانے کے لیے کہیں۔ NSW Mental Health Line (ذہنی صحت کی فون سروس) 1800 011 511 پر دن رات 24 گھنٹے دستیاب ہے۔

میڈیکل سنٹر کے اوقات کے دوران ان مسائل کے لیے ریسیپشن سے رابطہ کریں جو ایمرجنسی نہیں ہیں۔ ای میل، ویب سائیٹ فارمز اور سوشل میڈیا فوری توجہ طلب طبی خدمات نہیں ہیں۔



 رابطہ اور حاشیے میں شائع کی جانے والی سٹینڈرڈ معلومات

Kildare Road Medical Centre
36 Kildare Road, Blacktown NSW 2148
فون: (02) 8822 3000
ای میل: admin@kildaremedical.com.au
ویب سائٹ: www.kildaremedical.com.au
آن لائن اپائنٹمنٹس: HotDoc کے ذریعے دستیاب ہیں

یہ عمومی معلومات ہیں اور انفرادی طبی مشورے کا متبادل نہیں ہیں۔ خدمات، کنسلٹنگ ڈاکٹرز، دستیابی، سنٹر کھلنے کے اوقات، Medicare کے لیے اہلیت اور فیسوں میں تبدیلی آ سکتی ہے۔ تمام ٹیسٹوں، نسخوں، ریفرلز، پروسیجرز اور مجوّزہ علاج کا انحصار انفرادی طبی جائزے اور موزوں ہونے پر ہے۔ آنے سے پہلے ریسیپشن یا متعلقہ پرووائیڈر کے ساتھ معلومات کے تازہ ہونے کی تصدیق کریں۔


    Copyright by Kildare Road Medical Centre 2026. All rights reserved.